ٹوکیو: سرد لہر اس ہفتے جاپان کو اپنی لپیٹ میں لینا جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ 44 مقامات نے کرسمس کے دن ریکارڈ کم ترین درجہ ہائے حرارت کی اطلاع دی۔
موسمیاتی ایجنسی نے بدھ کو ہوکائیدو، توہوکو ریجن اور بحرِ جاپان کے سامنے موجود علاقوں میں بھاری برفباری کی ایک اور پیشن گوئی کے ساتھ ساتھ شمالی جاپان میں تیز ہوائیں چلنے کی پیشن گوئی بھی کی۔
ایجنسی کے مطابق، کم از کم درجہ حرارت منفی 28.4 ڈگری تھا جو فورانو، ہوکائیدو میں ریکارڈ کیا گیا۔ ٹوکیو میں 6 درجے کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ توتوری اور سائیتاما کے صوبوں میں پارہ منفی 8 تک گر گیا۔
دریں اثناء، موبیتسو، ہوکائیدو سے آنے والی اطلاعات کے مطابق منگل کو ایک موسمیاتی مظہر برفانی دھند (آئس فوگ) کو علاقے پر منڈلاتے دیکھا گیا۔ ایجنسی نے اپنی ویب سائٹ پر اطلاع دی کہ برفانی دھند اس وقت پیدا ہوتی ہے جب سمندر سے آبی بخارات اوپر جا کر خشکی پر موجود سرد ہوا سے ملتے ہیں جس کا نتیجہ گھنی، کم بلندی پر معلق سرد دھند کی شکل میں نکلتا ہے۔