ٹوکیو (اے ایف پی): پچھلے سال کے زلزلے سے آئے سونامی سے متاثرہ ایک چھوٹا سا جاپانی قصبہ بڑا کرسمس تحفہ وصول کرے گا جب منگل کو ایک جہاز ٹوکیو پہنچا جس پر اس بستی کے لیے ایک چھ ٹن کا مجسمہ لدا ہوا ہے۔
یہ دیو ہیکل تحفہ چلی سے سمندر پار کر کے آیا ہے جس کے بارے میں چلی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ مینامی ساریکو کی ننھی آبادی کو ایک مجسمہ — جو ایسٹر آئی لینڈ کی پراسرار شکلوں کی طرز پر تیار کیا گیا ہے– تحفے میں دے گا، جس کا اصلی مجسمہ پچھلے سال زلزلے سے آنے والے سونامی میں تباہ ہو گیا تھا۔
چلی سے ایک ماہ قبل چلا ہوا پانچ میٹر کا ماؤآئی مجسمہ جاپانی دارالحکومت میں پہنچا۔
چلی کے صدر سیباستین پینیرا نے مارچ 2011 کی آفت کے بعد بستی کے دورے کے موقع پر “بڑے، زیادہ شاہانہ اور زیادہ خوبصورت” مجسمے کا وعدہ کیا تھا۔