ٹوکیو: ہفتے کو ایک اخبار نے اطلاع دی کہ وزیر اعظم شینزو ایبے جاپان امریکہ سلامتی شراکت داری کے معاہدے کو آسٹریلیا اور بھارت تک بڑھانا چاہتے ہیں جبکہ جاپان کو چین کے ساتھ تلخ علاقائی تنازع کا سامنا ہے۔
بدھ کو وزیر اعظم کا حلف اٹھانے والے ایبے نے کثیر الاشاعت اخبار یومیوری شمبن کو ایک انٹرویو میں کہا، “جاپان امریکہ اتحاد بنیادی پتھر ہے”۔
“یہ اچھی بات ہے کہ سیکیورٹی تعاون کو جاپان، امریکہ اور بھارت تک وسعت دی جائے۔ جاپان، امریکہ اور آسٹریلیا کے مابین (تعاون) بھی خطے میں استحکام پیدا کرنے میں معاون ہو گا،” ایبے نے کہا۔
انہوں نے مزید تفصیل بتائے بغیر کہا، “یہ بات اہم ہے کہ خطے میں طاقت کا توازن دوبارہ قائم کیا جائے”۔
مشرقی بحر چین میں سین کاکو جزائر کے بار میں بے باکانہ بیانات دیتے ہوئے ایبے نے قبل ازیں اس ماہ قومی انتخابات میں قدامت پسندوں کی حمایت حاصل کر لی تھی، اور عہد کیا تھا کہ جاپان ان پر اپنے دعوے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔