ٹوکیو: ہفتے کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو کے مطابق، جاپان کے مرکزی بینک کے سربراہ نے عہد کیا ہے کہ بینک تفریطِ زر سے نپٹنے کے لیے ملک کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
بینک کے گورنر ماساکی شیراکاوا نے نیک کےئی بزنس ڈیلی کو بتایا، “صرف حکومت ہی نہیں، بینک آف جاپان بھی بڑھوتری کے امکانات بڑھانے کی کوششوں کی حمایت کرے گا”۔
شیراکاوا نے مزید کہا کہ زری نرمی اور اقتصادی بڑھوتری کی شرح بڑھانے کے اقدامات، دونوں ہی افراطِ زر میں اضافے کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اس وقت کیا جب بدھ کو جاپان کے وزیر اعظم کا حلف اٹھانے والے شینزو ایبے نے تجویز دی تھی کہ بینک آف جاپان دو فیصد افراطِ زر کا ہدف مقرر کرے تاکہ تفریطِ زر سے نمٹا جا سکے جو دنیا کی تیسری بڑی معیشت کو ایک لمبے عرصے سے چمٹی ہوئی ہے۔