ٹوکیو: وزارتِ ماحولیات نے مقامی رہائشیوں کی جانب سے تابکار مادے دریاؤں میں تلف کرنے کی اطلاعات کے بعد اپنے منصوبوں کا اعلان کیا ہے تاکہ فوکوشیما میں صفائی کے آپریشن اب سے حفاظتی رہنما ہدایات کے مطابق سر انجام دینا یقینی بنایا جا سکے۔
وزارت نے منگل کو کہا کہ وہ عملہ صفائی کے نزدیک تر اڈے قائم کرے گی تاکہ وہ ان کی سرگرمیوں کی بہتر انداز میں نگرانی کر سکے۔ یہ اعلان آساہی شمبن کی اطلاعات کے چند ہی دن بعد سامنے آیا ہے، جن میں اخبار کے رپورٹروں نے ان دعووں کی تصدیق کی تھی کہ تعمیراتی کمپنیاں، جنہوں نے آلودگی سے صفائی کے کام کے لیے اڈے قائم کرنے کے منافع بخش ٹھیکوں پر دستخط کیے تھے، وزارتِ ماحولیات کے قوانین کو نظر انداز کر رہی ہیں۔
ان میں ایسے ضوابط بھی شامل تھے کہ فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے اطراف میں واقع عمارات کو دھونے کے لیے استعمال شدہ پانی کو مناسب انداز میں ذخیرہ کیا جائے، تاہم اسے دریاؤں میں بہنے کی اجازت دے دی گئی۔ آساہی نے اطلاع دی تھی کہ مٹی اور شاخوں کو مناسب انداز میں تلفی کے لیے ذخیرہ کرنے کی بجائے مجوزہ صفائی کے اڈوں سے چند ہی میٹر دور جنگلوں یا دریاؤں میں پھینکا جا رہا ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ وہ اس اسکینڈل میں ملوث تعمیراتی کمپنیوں سے وضاحت طلب کرے گی۔