ٹوکیو: جاپانی حکومت نے امریکہ میں ایک ایسے ہی حکم نامے کے بعد جمعرات کو کہا کہ جاپان میں چلنے والے تمام بوئنگ ڈریم لائنر طیاروں کو اس وقت تک گراؤنڈ رہنا چاہیئے جب تک ان کی بیٹریوں کی حفاظت کی تصدیق نہیں ہو جاتی۔
جاپان کے نائب وزیرِ ٹرانسپورٹ ہیروشی کاجیاما نے کہا، “ایف اے اے (فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن) کے فیصلے کے بعد، بوئنگ 787 کو اس وقت تک اڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک ان کی بیٹری کے محفوظ ہونے کا یقین نہیں ہو جاتا”۔
یہ خیالات اس وقت سامنے آئے جب بدھ کو جاپان میں آل نیپون ائیر ویز (اے این اے) کے ڈریم لائنر کی ہنگامی لینڈنگ کی تفتیش کے دوران ممکنہ خرابی کا مرکز بیٹری لیک کا نقص نکلا۔
جاپان ائیر لائنز (جے اے ایل) اور حریف اے این اے — جو مجموعی طور پر دنیا کے آدھے ڈریم لائنر طیارے چلاتی ہیں — نے اپنے طیاروں کے بیڑے اس وقت رضاکارانہ طور پر گراؤنڈ کر دئیے تھے جب اے این اے کی ایک پرواز کو تاکاماتسو، صوبہ کاگاوا میں بدھ کو ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہونا پڑا۔
دنیا کی سب سے بڑی ائیر لائن یونائیٹڈ ائیر لائنز اس وقت اکلوتی امریکی ائیر لائن ہے جو 787 چلا رہی ہے، جس کے چھ عدد طیارے خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
جے اے ایل کے ایک ترجمان نے کہا کہ ایف اے اے کے فیصلے پر تبصرہ کرنا قبل از وقت ہو گا تاہم اس نے مزید کہا کہ “ہم معلومات جمعہ کرنے کا عمل جاری رکھیں گے”۔