ٹوکیو: آل نیپون ائیر لائنز (اے این اے) نے پیر کو کہا کہ پوری دنیا میں بوئنگ کے ڈریم لائنر طیارے کے گراؤنڈ ہونے سے اسے اگلے اتوار تک 335 پروازیں منسوخ کرنے پر مجبور ہونا پڑا، جس سے 48,000 مسافر متاثر ہوئے۔
اے این اے نے کہا کہ 16 جنوری، جب ڈریم لائنر نے ایک ہنگامی لینڈنگ کی اور پوری دنیا میں اس بارے خدشات پیدا کر دئیے، سے 27 جنوری تک منسوخ شدہ مقامی پروازوں کی تعداد 292 ہے جو 44,074 مسافروں کو متاثر کرے گی۔
ائیر لائن کے بقول، تینتالیس بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جس سے 3778 مسافر متاثر ہوئے۔
متاثر ہونے والی پروازوں میں ٹوکیو سے سان جوز، سیاٹل اور بیجنگ جانے والی پروازیں شامل ہیں۔
بیٹریوں کے حد سے زیادہ گرم ہو کر آگ لگنے کا خدشہ ایک بڑی پریشانی بن کر سامنے آیا ہے، جب 16 جنوری کو اے این اے کو ہنگامی طور پر ایک مقامی پرواز اتارنے پر مجبور ہونا پڑا جس کی وجہ بظاہر لیتھیم آئن بیٹری سے منسلک دھوئیں کا انتباہ تھا۔