بیجنگ: جاپانی وزیرِ اعظم شینزو ایبے کی جانب سے خط لے جانیوالے ایک ایلچی نے بدھ کو اپنے چینی میزبانوں کو بتایا کہ جاپان دوطرفہ تعلقات بہتر کرنا چاہتا ہے، جو مشرقی بحر چین میں غیر آباد جزائر کے ایک گروہ پر تنازع کی وجہ سے کشیدہ ہیں۔ نیو کومیتو کے قانون ساز ماکوتو نیشیدا نے بیجنگ میں ملاقات کے بعد رپورٹروں کو بتایا، “جاپان اور چین کےدرمیان اسٹریٹیجک تعلق ہے اور وہ (ایبے) بڑی تصویر پر نظر رکھ رہے ہیں”۔
پچھلے ستمبر میں پورے چین میں پرتشدد جاپان مخالف مظاہرے بھڑک اٹھے تھے، جب جاپانی حکومت نے تین جزائر کو ان کے نجی جاپانی مالک سے خرید لیا۔
کچھ جاپانی کاروباروں کو لوٹا گیا، جاپانی شہریوں پر حملے کیے گئے اور جاپانی کار ساز اور دوسرے مینوفیکچررز نے بعد والے مہینوں میں قابلِ ذکر حد تک کم فروخت کی اطلاع دی۔ مشرقی بحرِ چین میں ایک اور جگہ جاپانی طیاروں کا پیچھا کرنے کے لیے چینی طیارے بھی اڑائے جا چکے ہیں۔