ٹوکیو: ارب پتی ماسایوشی سون کی ملکیت سافٹ بینک نے جمعرات کو کہا کہ اس کا اکتوبر تا دسمبر کی سہ ماہی کا نیٹ منافع ایک برس قبل کے مقابلے میں دوگنا سے بڑھ گیا ہے، جس میں ایپل کے آئی فون اور آئی پیڈ کی اچھی فروخت نے مدد کی۔
2012 کی آخری سہ ماہی میں نیٹ منافع ایک برس قبل کے 32.83 ارب ین کے مقابلے میں بڑھ کر 65.9 ارب ین ہو گیا۔ فروخت 7 فیصد کے اضافے سے 932.7 ارب ین تک پہنچ گئی۔
سافٹ بینک سپرنٹ نیکسٹل کارپوریشن کے 70 فیصد حصص کی خریداری کے سلسلے میں امریکی حکام کی جانب سے منظوری کا منتظر ہے، جو اسے جاپان کی سب سے بڑی غیر ملکی خریداری بنا دے گی۔
سافٹ بینک، جو فکسڈ لائن براڈ بینڈ خدمات بھی مہیا کرتا ہے، نے حالیہ برسوں میں ایک جارحانہ مارکیٹنگ مہم چلائی ہے، جس میں ایک بولتے سفید کتے کو استعمال کیا گیا جو جاپانیوں میں مقبول ثابت ہوا ہے۔