ٹوکیو: وزیر اعظم شینزو ایبے ہفتے کو اوکی ناوا کا دورہ کرنے کا ارادہ کر رہے ہیں تاکہ امریکی میرین کارپس ائیر بیس کو فوتینما سے ہینوکو منتقل کرنے کے لیے مقامی حکومت کے اہلکاروں کا اتفاق رائے حاصل کرنے کی کوشش کر سکیں۔
چیف کیبنٹ سیکرٹری یوشی ہیدے سُوگا نے کہا کہ ایبے اوکی ناوا کے گورنر ہیروکازو ناکائیما اور فوتینما اور ہینوکو کے مئیرز کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔
تاہم، زیادہ توقع یہی ہے کہ ایبے کو مخالفت کا سامنا ہوگا۔ ناکائیما فرسٹریشن کا اظہار کر چکے ہیں کہ ٹوکیو کبھی بھی مقامیوں کی خواہشوں پر کان نہیں دھرتا۔
اس ہفتے اوکی ناوا سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں اور ان کے حامیوں نے ٹوکیو کے ‘ہیبی یا’ پارک میں اپنے صوبے میں بھاری امریکی فوجی موجودگی کے خلاف ایک احتجاجی ریلی منعقد کی، تاہم ایبے سے ملاقات میں ناکام رہے۔
ایبے، جو امریکہ کے ساتھ قریبی سلامتی تعلقات کی وکالت کرتے ہیں، نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بیس کو فوتینما سے ہینوکو منتقل کرنے کے اصلی معاہدے پر قائم رہے گی۔