ٹوکیو: پیر کی ایک اطلاع کے مطابق، جاپان اگلے ہفتے ایشیائی ممالک کے ایک اجلاس کی میزبانی کرنے جا رہا ہے جس کا مقصد فلسطینی اتھارٹی کے لیے مالی معاونت پر بات چیت کرنا ہے۔
کیودو نیوز ایجنسی نے کہا، جاپان، جنوبی کوریا اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم کے اور کئی رکن ممالک، مثلاً تھائی لینڈ اور انڈونیشیا، کے وزراء 13 اور 14 فروری کو اکٹھے ہوں گے۔
ایجنسی نے ایک حکومتی اہلکار کے حوالے سے بتایا، فلسطینی وزیر اعظم سلام فیاد کی جانب سے اس اجلاس میں شرکت کی توقع ہے جس کامقصد فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے مابین براہِ راست مذاکرات کی بحالی کی راہ ہموار کرنے میں مدد کرنا ہے۔
اسرائیل اور اس کا اتحادی امریکہ ان صرف نو ممالک میں شامل تھے جنہوں نے نومبر میں اقوامِ متحدہ میں فلسطین کو غیر رکنی درجہ دلوانے کے لیے بین الاقوامی حمایت کا راستہ روکا۔