ٹوکیو: جاپان کی وزارتِ دفاع نے کہا کہ دو روسی جنگی جہازوں نے جمعرات کو جاپانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، جس پر جاپان کو اپنے جنگی طیارے فضا میں بلند کرنا پڑے، اور جسے پانچ برسوں میں پہلا ایسا واقعہ قرار دیا گیا ہے۔
یہ جہاز ہوکائیدو کے قریب صرف ایک منٹ سے کچھ اوپر کے وقت کے لیے دیکھے گئے، وزیر اعظم شینزو ایبے کے اس بیان کے تھوڑی ہی دیر بعد کہ وہ دونوں ممالک کے مابین عشروں پرانے علاقائی تنازع کا “باہمی طور پر قابلِ قبول حل” تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ کیودو نیوز کے مطابق، روسی جہازوں کی موجودگی کی بصری تصدیق کے لیے چار جاپانی ایف 2 لڑاکا جہازوں کو فضا میں بھیجا گیا۔
وزارتِ خارجہ نے کہا، “آج سہ پر 3 بجے کے قریب روسی فیڈریشن سے تعلق رکھنے والے فوجی لڑاکا طیاروں نے ہوکائیدو کے ریشیری جزیرے کے نزدیک علاقائی پانیوں پر ہمارے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی”۔
جاپانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، اگر تصدیق ہو گئی تو یہ فروری 2008 کے بعد روس کی جانب سے جاپانی فضائی حدود کی پہلی خلاف ورزی ہو گی۔