واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے کہا، امریکی صدر باراک اوباما نے بدھ کو جاپان کے دفاع کے لیے “پکا” وعدہ کیا، جس میں شمالی کوریا کے تیسرے ایٹمی تجربے کے تناظر میں اپنے اتحادی کو ایٹمی حملے سے بچانا بھی شامل ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق، ایک ٹیلی فون کال میں اوباما نے جاپانی وزیر اعظم شینزو ایبے سے “شمالی کوریا کی جانب سے بین الاقوامی پابندیوں کی انتہائی اشتعال انگیز خلاف ورزی” کا جواب دینے کے لیے اقدامات کے مراحل پر تبادلہ خیال کیا۔
پیانگ یانگ نے منگل کو سلامتی کونسل کی قرارداوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تازہ ترین ایٹمی تجربے کے ذریعے بین الاقوامی غم و غصے کو دعوت دے لی تھی۔
امریکہ اور جنوبی کوریائی نگرانوں کا کہنا ہے کہ یہ زیرِ زمین ایٹمی تجربہ شمالی کوریا کے 2006 اور 2009 کے پچھلے تجربوں کے مقابلے میں بہت زیادہ طاقتور تھا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے “اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں قابلِ ذکر اقدام اٹھانے کی تلاش کے لیے قریبی طور پر مل کر کام کرنے اور شمالی کوریا کے ایٹمی اور بیلاسٹک میزائل پروگرام کو روکنے والے اقدامات پر تعاون کرنے کا عہد کیا”۔