ٹوکیو: جاپانی حکومت نے بینک آف جاپان کے گورنر کی نامزدگی ایک ہفتے کے لیے موخر کر دی ہے، جس سے وزیرِ اعظم اور وزیرِ خزانہ کے درمیان اختلافات کی افواہیں گرم ہو رہی ہیں کہ مرکزی بینک کون چلائے جسے معیشت کی بحالی کا کام سونپا گیا ہے۔
وزیر اعظم شینزو ایبے نے نئے گورنر سے جارحانہ اقدام کا مطالبہ کیا ہے جو مارچ کے اواخر میں تعینات کیا جائے گا، جس سے یہ توقعات پیدا ہوئی ہیں کہ وہ ایسے امیدوار کی حمایت کریں گے جو جاپان کو برسوں پرانی تفریطِ زر سے نکالنے کے لیے انتہائی پالیسیاں نافذ کرنے پر راضی ہو گا۔
چناؤ کے عمل کی سن گن رکھنے والے ذرائع کے مطابق، تاہم وزیر خزانہ اور ایبے کی حکمران جماعت کے دوسرے اراکین زیادہ معتدل امیدوار کے متلاشی ہیں۔ کچھ حکومتی اہلکار فکرمند ہیں کہ انتہائی قسم کی پالیسیوں کو فروغ دینے والا گورنر مالیاتی منڈیوں کو مضطرب کر سکتا ہے۔
تاہم وزیرِ معیشت اکیرا آماری نے منگل کو کہا کہ حکومت ایبے کی 21 تا 24 فروری کو امریکی دورے سے واپسی سے قبل گورنر اور ڈپٹی گورنر کو نامزد نہیں کرے گی۔