واشنگٹن: اعلی امریکی تجارتی اہلکاروں نے بدھ کو کہا، اگر جاپان امریکہ اور 10 دیگر ممالک کے ساتھ آزاد تجارت کے علاقائی معاہدے میں شامل ہونا چاہتا ہے تو اسے سیاسی طور پر حساس شعبوں جیسے چاول سمیت تمام تجارتی شعبوں پر گفت و شنید کے لیے رضامند ہونا چاہیئے۔
امریکی تجارتی نمائندے رون کرک نے وزیر اعظم شینزو ایبے کی جمعہ کو صدر باراک اوباما سے ملاقات سے قبل ایک انٹرویو میں کہا، “ہم یہ کہہ کر عمل شروع نہیں کریں گے، ‘اچھا، ہم نے سمجھ لیا کہ آپ کے کچھ شعبے یا معاملات محفوظ ہیں'”۔
اس کا مطلب ہے کہ معاہدہ ہونے سے قبل جاپان کی مذاکرات میں شمولیت کا امکان کم سے کم ہو رہا ہے۔
دریں اثناء، اوباما انتظامیہ کو فورڈ موٹر کو اور یونائیٹڈ آٹو ورکز کی جانب سے شدید دباؤ کا سامنا ہے کہ وہ جاپان کو اس وقت تک مذاکرات میں حصہ لینے کی اجازت نہ دے جب تک وہ اپنی مارکیٹ کو گاڑیوں کی مزید درآمدات کے لیے کھولنے کے سلسلے میں کئی ایک اصلاحات نہ کر لے۔