قاہرہ: مصر کے مندروں والے قدیم شہر الاقصر میں منگل کو گرم گیس والے ایک غبارے کو آگ لگ گئی اور وہ شہر کے اوپر پھٹ گیا۔ یہ غبارہ طلوعِ آفتاب کا نظارہ کروانے کے لیے اڑ رہا تھا، جس کے پھٹنے سے ذرائع کے مطابق 19 سیاح ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی والوں نے الاقصر کے گھنے گنے کے کھیتوں میں جائے حادثہ کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا، جبکہ پولیس اور رہائشیوں نے غبارے کی کٹی پھٹی باقیات کا جائزہ لیا۔
ایک مصری سیکیورٹی اہلکار نے کہا کہ ہانگ کانگ، جاپان، برطانیہ، فرانس اور ہنگری سے تعلق رکھنے والے 19 سیاح اس حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
الاقصر کے گورنر عزت سعد نے صوبے میں گرم گیسی غباروں کی پروازوں پر فوری پابندی عائد کر دی جبکہ وزیر اعظم ہاشم قندیل نے اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
قاصرہ میں جاپانی سفارتخانے نے کہا کہ وہ حادثے میں جاپانی شہریوں کے مرنے کی خبروں کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔