ٹوکیو: وزارتِ ماحولیات تابکار مادے کی تلفی کی دو تجویز شدہ جگہوں پر نظر ثانی کرے گی، جبکہ پچھلے الاٹ شدہ مقامات پر مقامی رہائشیوں نے سخت اعتراض کیا تھا۔
پچھلے ستمبر میں ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان (ڈی پی جے) کی حکومت نے شمالی ایباراکی صوبے میں تاکاہاگی شہر اور صوبہ توچیگی میں یائیتا کو منتخب کیا تھا جہاں فوکوشیما صوبے کا تابکار کوڑا ذخیرہ کیا جانا تھا۔
وزارتِ ماحولیات کے اہلکار نے کہا، منصوبہ یہ تھا کہ تباہ حال فوکوشیما ایٹمی بجلی گھر کے گرد واقع داخلہ بند علاقے میں نالیوں سے نکالی گئی گار مٹی وغیرہ اور جلے ہوئے ملبے کی راکھ کو ان جگہوں پر منتقل کر دیا جائے۔ اس نے کہا کہ قریباً 17,000 ٹن فضلہ، جس میں قریباً 8,000 بیکرلز فی کلو گرام تابکار سیزیم ہے، کو اس علاقے میں ذخیرہ کیا جائے گا۔
تاہم جب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تب سے مقامی رہائشیوں کی ناراضگی میں اضافہ ہوا ہے۔ پیر کو سینئر نائب وزیرِ ماحولیات شینجی اینوئے نے اعتراف کیا کہ پچھلی حکومت کا چناؤ کا طریقہ درست نہیں تھا۔