ایبے کے لیے ووٹروں کی حمایت بڑھ کر 72 فیصد ہو گئی

ٹوکیو: ویک اینڈ پر ہونے والی دو عوامی رائے شماریوں میں جاپانی وزیر اعظم شینزو ایبے کے لیے ووٹروں کی حمایت بڑھ کر 72 فیصد یا زیادہ ہو گئی، جس سے ظاہر ہوا کہ انتہائی قسم کی اقتصادی پالیسیاں انہیں عوامی حمایت دلوا رہی ہیں اور انہیں طویل عرصے تک قیادت پر فائز رہنے کا نایاب موقع فراہم کر رہی ہیں۔ (یاد رہے کہ جاپان میں پچھلے پانچ چھ برس میں اتنے ہی وزیر اعظم بدل چکے ہیں۔)

ایبے، جنہوں نے دسمبر میں اپنی قدامت پسند لبرل ڈیموکریٹک پارٹی بڑی انتخابی فتح کے بعد اقتدار سنبھالا تھا، نے وعدہ کیا ہے کہ تفریطِ زر (مہنگائی کا الٹ) کو ختم کریں گے اور انتہائی زری نرمی کی پالیسی اور بڑے مالی اخراجات کے ملے جلے اقدامات کے ذریعے مندی کا شکار معیشت کو بحال کریں گے۔ (زر کی نرمی یا روپے کی نرمی سے مراد ہے حد سے زیادہ نوٹ چھاپنا، مارکیٹ میں قرضے کے ذریعے روپیہ داخل کرنا، شرح سود کم ترین سطح پر لے آنا، یہاں تک کہ نوٹ زیادہ ہو جائیں اور مہنگائی بڑھنا شروع ہو جائے۔)

نیکےئی بزنس ڈیلی کے ایک سروے میں ستر فیصد ووٹروں نے ایبے کی حمایت کی جو پچھلے سے دو پوائنٹ زیادہ ہے، جبکہ کیودو نیوز ایجنسی کے سروے میں ایبے کی درجہ بندی 6.1 پوائنٹس کے اضافے سے 72.8 فیصد ہو گئی۔ نیکےئی کے سروے میں اٹھاون فیصد افراد نے اتفاق کیا کہ بینک آف جاپان کا اگلا گورنر زری نرمی کے انتہائی اقدامات کا حامی ہونا چاہیئے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.