ٹوکیو: ایک جاپانی عدالت نے منگل کو سام سنگ کی جانب سے یہ دعوی مسترد کر دیا کہ ایپل نے اس کی ٹیکنالوجی چرائی ہے، جو کہ دو اسمارٹ فون ساز دیو ہیکل کمپنیوں کی عالمی عدالتی جنگ کا تازہ ترین راؤنڈ بن گیا ہے۔ (یاد رہے کہ سام سنگ اور ایپل امریکہ، یورپ اور جاپان سمیت پوری دنیا کی عدالتوں میں ایک دوسرے کے خلاف مقدمات لڑ رہے ہیں جس میں ہر ایک کا دعوی ہے کہ دوسرے نے اس کی ٹیکنالوجی چرائی، فون کا ڈیزائن کاپی کیا وغیرہ، اور کہیں سام سنگ جبکہ کہیں ایپل کو فتح حاصل ہوئی ہے۔)
سام سنگ کے ٹوکیو آفس کے ایک ترجمان کے مطابق، ٹوکیو کی ضلعی عدالت نے کہا کہ سام سنگ کے پاس ڈیٹا بھیجنے وصولنے کی ٹیکنالوجی پر کوئی حق نہیں ہے جو ایپل کے کچھ آئی فون اسمارٹ فونز میں استعمال ہوتی ہے۔
ایک الگ مقدمے میں ٹوکیو کی ضلعی عدالت نے اگست میں ایپل کا دعوی مسترد کیا تھا کہ سام سنگ نے اس کی ٹیکنالوجی چرائی ہے، جو اسمارٹ فون پر موجود میوزک کو کمپیوٹر کے ساتھ سنکرونائز (مطابقت پذیر) کرنے کے بارے میں تھی۔