ٹوکیو (اے ایف پی): ٹوکیو کے مصروف آکاساکا ضلع میں سے گزرنے والوں نے ایک 40 منزلہ ہوٹل کی عمارت کے ساتھ کسی غیر معمولی بات کا نوٹس لینا شروع کر دیا ہے، جو اپنی اصلی اونچائی سے سکڑ کر قریباً نصف رہ چکی ہے۔
اس ہوٹل کو آہستہ آہستہ لیکن یقینی طور پر منہدم کیا جا رہا ہے، اور اس عمل کےدوران دھماکے بھی نہیں ہو رہے اور نہ ہی گرد و غبار کے طوفان اڑ رہے ہیں، جو اسکائی سکریپر عمارات کو گرانے کے عمل کا حصہ سمجھے جاتے ہیں۔
اس منصوبے کو چلانے والی تعمیراتی فرم تائیسے کارپوریشن کے مینجر ہیدےکی اچی ہارا نے کہا، “انہدام کے اس طریقہ کار میں عمارت سکڑتی چلی جاتی ہے اور آپ کے نوٹس میں آئے بغیر غائب ہو جاتی ہے”۔
“گرد و غبار کی آلودگی میں 90 فیصد سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے، جس سے ماحول پر برے اثرات بہت کم ہوئے ہیں۔”
اچی ہارا نے کہا، عمارت کا ملبہ ایک مرکزی کنویں میں پُلی سسٹم کے ذریعے گرایا جاتا ہے جو جنریٹر چلاتا ہے جس سے برقی روشنیوں اور ہوا کی آمد و رفت کا نظام چلانے کے لیے بجلی فراہم ہوتی ہے، اس طرح انہدام کا ماحول پر برا اثر مزید کم کر دیا گیا ہے۔