ٹوکیو: گِنزا کے پراپرٹی ٹائیکون 81 سالہ گینشیرو کاواموتو کے بارے میں جمعرات کو مزید تفصیلات سامنے آئیں، جسے منگل کو مبینہ ٹیکس چوری پر حراست میں لیا گیا تھا۔
ٹوکیو کے دفتر برائے ضلعی استغاثہ کے خصوصی تفتیشی اسکواڈ کے مطابق، کاواموتو نے دسمبر 2011 کو ختم ہونے والے مالی سال میں آمدن پر پردہ ڈالنے اور 862 ملین ین کی ٹیکس ادائیگیوں سے بچنے کے لیے ایک سازش تیار کی تھی۔ کاواموتو، جو ٹوکیو کے ایک 5 اسٹار ہوٹل میں رہتا ہے، ماروگین گروپ کا مالک ہے جس کا لوگو گِنزا اور کیتاکیوشو میں کئی عمارات پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ٹی بی ایس نے جمعرات کو اطلاع دی، استغاثہ والوں نے الزام لگایا ہے کہ ماروگین کے پاس اطلاع کے مطابق آمدن چھپانے کے کئی ذرائع تھے، مثلاً کرائے کی اصل مالیت نہ بتانا یا یہ دعوی کر دینا کہ کرائے داروں نے کرایہ ہی ادا نہیں کیا۔
رنگلیلا کاواموتو، جسے “گِنزا کا رئیل اسٹیٹ مغل” کہا جاتا ہے، زیادہ قیمت والے علاقوں میں پراپرٹی کا کاروبار چلاتا رہا ہے، اور انہیں کلب، بارز اور پب جیسے کاروباری اداروں کو کرائے پر دیتا رہا ہے۔ 1970 کے عشرے سے کاواموتو ٹوکیو میں جائیدادیں حاصل کرتا رہا ہے، اور انہیں گِنزا، آکاساکا اور روپونگی کے امیر علاقوں میں کاروباری اداروں کے لیے کرائے پر چڑھاتا رہا ہے۔