ٹوکیو: جاپان کے ایوانِ زیریں نے منگل کو ہارُوہیکو کُورودا کی جاپان کے مرکزی بینک کے گورنر کے طور پر منظوری دے دی، اور اس طرح گویا زیادہ جارحانہ زری نرمی کی پالیسی کی جانب کروٹ بدلنے کی گھنٹی بھی بجا دی جس کا مقصد 20 سالہ تفریطِ زر کا خاتمہ کرنا ہے۔
ایوانِ زیریں نے دو حکومتی نامزد امیدواروں کیکو ایواتا اور ہیروشی ناکاسو کی بھی منظوری دی جو بی او جے کے دو نائب گورنروں کے عہدے سنبھالیں گے۔ ایوانِ زیریں سے راستہ ملنے کی ضمانت پہلے سے موجود تھی جہاں وزیرِ اعظم شینزو ایبے کی حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کی اکثریت ہے۔
تاہم 19 مارچ کو موجودہ قیادت کے مستعفی ہونے کے بعد نامزد امیدواروں کے عہدہ سنبھالنے کے لیے ضروری ہے کہ دونوں ایوان ان کی تقرری کی منظوری دیں۔ (اور ایوانِ بالا میں شینزو ایبے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے چونکہ وہاں ایل ڈی پی کو اکثریت حاصل نہیں ہے۔)
68 سالہ کُورودا، اور 70 سالہ ایواتا نے پارلیمان میں تصدیقی سماعتوں کے موقع پر زیادہ مدت کے لیے حکومتی قرضے کے بانڈز خریدنے کی پالیسی کی حمایت کی تھی، جس سے بی او جے کا میزانیہ وسیع ہو جائے گا اور افراطِ زر (مہنگائی) کی توقعات بڑھیں گی۔