ٹوکیو: پیسفک کنارے واقع ممالک کے آزاد تجارتی معاہدے، جس کو امریکی حمایت حاصل ہے، میں ملک کو شامل کرانے کا سیاسی طور پر خطرناک اقدام فی الوقت وزیرِ اعظم شینزو ایبے کے حق میں جا رہا ہے جیسا کہ ان کی سیاسی درجہ بندی پہلے سے بھی ریکارڈ اونچے درجے پر پہنچ گئی ہے۔
پیر کو عوامی آراء کے سروےز سے پتا چلا کہ ایبے کی حمایت کی درجہ بندی پچھلے ماہ کے مقابلے میں بڑھ کر دسمبر میں ان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے زیادہ ہو گئی ہے اور اکثریت نے جمعہ کے اعلان کی حمایت کی کہ جاپان ٹرانس پیسفک پارٹنر شپ (ٹی پی پی) کی رکنیت کے لیے مذاکرات میں شامل ہونا چاہتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ “ایبے نامکس” (معاشیات کے انگریزی نام “اکنامکس” کی طرز پر ایبے کی پالیسیوں کو دیا گیا اخباری نام) ٹوکیو کے بازارِ حصص سے داد و تحسین بھرے تبصروں کا باعث بن رہی ہے اور ووٹروں، کاروباری عہدیداروں اور معاشیات دانوں کا کہنا ہے کہ اس کی کامیابی اس بات پر منحصر ہے کہ ایبے اصلاحات کے خاردار معاملے مثلاً ڈی ریگولیشن سے کیسے نپٹتے ہیں۔
آساہی اخبار کی جانب سے ایک سروے سے ظاہر ہوا کہ 71 فیصد ووٹروں نے ٹی پی پی مذاکرات کے لیے ایبے کی حکمتِ عملی کی حمایت کی، جبکہ یومیوری اور مانیچی اخباروں کی جانب سے ایسے ہی سروےز میں 60 فیصد ووٹر اس کے حامی تھے۔