ٹوکیو: عالمی معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے والے افراد کی تیاری کی کوششوں کے تحت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے ہیڈکوارٹر برائے تعلیمی حیاتِ نو نے تجاویز کا ایک مسودہ تیار کیا ہے جس میں یہ تجویز بھی شامل ہے کہ طلباء کو یونیورسٹی داخلے کی اجازت سے قبل “انگریزی کے بطور غیر ملکی زبان امتحان” (ٹوفِل) میں ایک مخصوص تعداد میں نمبروں کا حصول لازمی قرار دیا جائے۔
عالمی طور پر فعال افراد کی تیاری کے لیے مسودہ تین نکاتی حکمتِ عملی وضع کرتا ہے: انگریزی زبان کی تعلیم میں شدید قسم کی اصلاحات؛ ایجادات کے فروغ اور پی ایچ ڈیز کی تعداد کو دوگنا کرنے کا عزم کرتے ہوئے سائنس اور ریاضی کی تعلیم میں تبدیلیاں؛ اور انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم میں اضافہ۔ (پاکستان میں انگریزی کی تعلیم کے خلاف دلائل دینے والوں کی پسندیدہ ترین دلیل یہ ہوتی ہے کہ جاپان اور چین کو دیکھو جو اپنی زبان سے اتنی محبت کرتے ہیں اور تعلیم اپنی زبان میں دیتے ہیں۔ وہاں وہ یہ بتانا بھول جاتے ہیں کہ جاپانی اور چینی انگریزی کی تعلیم کو کتنی سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور جاپان میں انگریزی کی تعلیم کے لیے مقامی کی بجائے اہلِ زبان انگریزی استاد کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔)