ٹوکیو: ایک وقت میں جاپان کے آوارہ انٹرنیٹ ٹائیکون رہنے والے تاکافومی ہوری ئے نے بدھ کو ٹوئٹر کے ذریعے اکاؤنٹنگ فراڈ میں اڑھائی برس کی قید کے 21 ماہ جیل میں گزارنے کے بعد اپنی پیرول پر رہائی کا اعلان کیا۔
یونیورسٹی آف ٹوکیو میں ادب کی تعلیم ترک کرنیوالا ہورئے اپنے مہم جویانہ کاروباری انداز کی وجہ سے ہر گھر میں جانا پہنچانا نام بن گیا تھا جو کارپوریٹ جاپان کے قوانین توڑتا تھا اور بہت سے نوجوانوں کا ہیرو بن گیا تھا۔
اپنے زمانہ عروج میں ہورئے نے ایک بیس بال ٹیم خریدنے کی کوشش کی اور میڈیا گروپ فُوجی ٹیلی وژن انکارپوریشن پر اثر جمانے کے لیے ایک ریڈیو نشر کار پر قبضے کی کوشش کی۔ اس نے دائت کی نشست کے لیے انتخاب بھی لڑا۔
ہورئے، جو اب 40 برس کا ہے، عرصہ دراز سے مُصر رہا ہے کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کا شکار بنا۔
اسے 2007 میں ٹوکیو کی ضلعی عدالت نے اپنی کمپنی کے نقصانات چھپانے کے لیے پانچ ارب ین کے قبل از ٹیکس منافع کی غلط اطلاع دینے پر اڑھائی برس کے لیے قید کی سزا سنائی تھی۔
اگلے برس ہائی کورٹ میں ایک اپیل کو مسترد کر دیا گیا تھا، اور سپریم کورٹ نے بھی 2011 میں پھر اس کی سزا کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔