ٹوکیو: ایک جاپانی کمپنی برقی بگھیوں پر داؤ لگا کر ایشیا کی ٹُک ٹُک مارکیٹ کا بڑا حصہ اپنے قبضے میں لینے کی امید کر رہی ہے، جو شہروں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آلودگی کا حل ثابت ہو سکتی ہیں۔ (ٹُک ٹُک تین پہیوں والے موٹر سائیکل رکشے سے ملتی جلتی سواری ہے۔)
ٹیرا موٹرز کے صدر تورُو توکوشیگے نے کہا، “ایشیا میں ایسی ایک بھی کمپنی نہیں جو بڑے پیمانے پر الیکٹرک بائیک یا تین پہیوں والی موٹر سائیکل بناتی ہو”۔ “میرا خیال ہے اگر کوئی جاپانی کمپنی مارکیٹ میں ایسے مستقبلیاتی ڈیزائن والی مصنوعات کی تیاری میں پہل کرے تو اس کا بہت بڑا اثر ہو سکتا ہے۔”
ٹیرا موٹرز نے پچھلے ہفتے اپنی الیکٹرک ٹُک ٹُک کا ایک نمونہ متعارف کروایا تھا، جو چمکیلی نظر آنے والی نیلی اور سفید مشین ہے جو ڈرائیور سمیت چھ لوگوں کو لے جا سکتی ہے۔
کمپنی نے کہا یہ گاڑی 3.3 میٹر لمبی، 1.47 میٹر چوڑی ہے، جبکہ اسے لیتھیم بیٹری کی مدد سے طاقت مہیا کی جاتی ہے، اور یہ ایک بار مکمل چارج ہونے کے بعد 50 کلومیٹر کا سفر طے کر سکتی ہے۔