سئیول: امریکی فوج نے پیر کو کہا کہ اس نے جاری “فوآل ایگل” فوجی مشقوں کے تحت ایف 22 ریپٹر اسٹیلتھ لڑاکا طیارے جنوبی کوریا میں تعینات کر دئیے ہیں۔ جیٹ طیارے اوکی ناوا میں امریکی فوجی اڈے سے اڑائے گئے تھے۔
شمالی کوریا پہلے ہی اس برس فوجی مشقوں میں ایٹمی ہتھیار لے جانے کے قابل بی 52 اور بی 2 اسٹیلتھ (ریڈار سے چھپنے کی صلاحیت رکھنے والے) بمبار طیاروں کے استعمال کے جواب میں امریکی مین لینڈ اور جاپان و گوام میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کی دھمکی دے چکا ہے۔
شمال کی سپریم آرمی کمانڈ کے ایک ترجمان نے کہا، “ہم امریکہ کو ایٹمی حملے کی مشقوں کی اجازت نہیں دے سکتے، جس میں ہمیں نشانہ بنایا گیا ہو، اور اس لیے ہم سخت انتباہی پیغامات مشتہر کر رہے ہیں”۔
کورین سنٹرل نیوز ایجنسی کے نشر کردہ ایک بیان میں اس نے کہا، “امریکہ کو یہ بات نہیں بھولنی چاہیئے کہ اینڈرسن بیس کے ساتھ ساتھ جاپان کے مین لینڈ اور اوکی ناوا میں بحری اڈے ہمارے ٹھیک نشانہ لگانے والے اثاثوں کی حدِ ضرب میں ہیں”۔
جزیرہ نما کوریا میں کئی برسوں سے فوجی کشیدگی اپنے عروج پر ہے، جہاں شمالی کوریا — جو پچھلے ماہ کے ایٹمی تجربے کے بعد عائد کردہ اقوامِ متحدہ کی پابندیوں پر مشتعل ہے — ایٹمی ہتھیاروں سے دوسری کوریائی جنگ کی دھمکی دے رہا ہے۔