ٹوکیو: فوکوشیما کی صوبائی حکومت نے پیر کی صبح نامئے کے قصبے کا حفاظتی درجہ تبدیل کر تے ہوئے اس پر سے داخلہ بند علاقے والی پابندی اٹھا لی۔
یہ خبر پچھلے ماہ گوگل اسٹریٹ ویو کی ویڈیو کے اجراء کے بعد آئی ہے جو تباہ شدہ قصبے کی باقیات دکھاتی ہے، جو تباہ حال فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے گرد 20 کلومیٹر کے حلقے میں واقع ہے۔ نامئے کو اب کئی حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے، جنہیں نئے درجے دئیے گئے ہیں تاکہ تعمیرِ نو اور صفائی کے کام شروع کرنے کے لیے داخلے کی اجازت دی جا سکے۔
صوبائی حکومت نے کہ کہ وسطی نامئے، جہاں قصبے کے 20,000 رہائشیوں کی 80 فیصد کے قریب تعداد رہائش پذیر تھی، کو دن کے دوران قابلِ رسائی بنا دیا جائے گا۔ فُوجی ٹی وی کے مطابق، تاہم قصبے کا مغربی حصہ اب بھی حدود سے باہر رہے گا۔
صوبائی حکومت نے قبل ازیں قصبے کو تین سال کے اندر کھولنے کے لیے ایک منصوبے کا اعلان کیا تھا، تاہم تجزیہ نگاروں نے عندیہ دیا ہے کہ تابکاری سے صفائی اور مقامی انفراسٹرکچر کی تعمیرِ نو کے سلسلے میں کام کی ایک بہت بڑی مقدار ابھی پوری کی جانی ہے۔