ٹوکیو: ایک جاپانی اہلکار نے ہفتے کی صبح مغربی جاپان سے ٹکرانے والے ایک شدید زلزلے کا انتباہ جاری کرنے کی بجائے غلطی سے شمالی کوریا کی جانب سے میزائل داغنے کا اعلان کر دیا۔
وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق، مغربی اوساکا میں وزارت کے ایوی ایشن بیورو کے ایک اہلکار نے غلطی سے ہوائی اڈے کے 87 اہلکاروں کو ای میل کر دی کہ شمالی کوریا نے میزائل لانچ کر دیا ہے۔
وزارت نے کہا، بجائے کہ زلزلے کے بارے میں اطلاع دی جاتی، اہلکار نے غلطی سے ایک پیشگی تیار کردہ انتباہ بھیج دیا جو شمالی کوریا کے میزائل لانچ کے تناظر میں لکھ کر رکھا ہوا تھا۔
جاپان شمالی کوریا کی جانب سے درمیانی حدِ ضرب والے میزائل کے متوقع لانچ سے قبل مکمل چوکسی کی حالت میں ہے، جبکہ پیٹریاٹ میزائل دارالحکومت میں تعینات کیے جا چکے ہیں تاکہ 30 ملین لوگوں کی حفاظت کی جا سکے۔
یاد رہے کہ بدھ کو بھی اہلکاروں کو سخت سبکی کا سامنا کرنا پڑا تھا جب انہوں نے ٹوئٹر پر 40,000 فالورز کے سامنے شمالی کوریا کے میزائل داغنے کا غلط اعلان کر ڈالا۔