سئیول: جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینے والا ایک امریکی فوجی ہیلی کاپٹر منگل کو شمالی کوریا کی سرحد کے قریب کریش ہو گیا جس پر 21 فوجی سوار تھے۔ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کوریا میں امریکی فورسز کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سی ایچ 53 سپر اسٹالین ہیلی کاپٹر نے “سخت لینڈنگ کی” جب وہ شمالی کوریا کی سرحد سے لگنے والی چیول ون کاؤنٹی میں معمول کی پرواز پر تھا۔
ہیلی کاپٹر جنوبی کوریا اور امریکہ کی سالانہ فوجی مشقوں میں حصہ لے رہا تھا جنہیں “فوآل ایگل” (نوعمر عقاب) کہا جاتا ہے۔
یہ حادثہ جزیرہ نما کوریا میں بڑھی ہوئی فوجی کشیدگی کے وقت رونما ہوا ہے، جس کی جزوی وجہ “فوآل ایگل” پر شمالی کوریا کا غصہ ہے، جو اسے دراندازی کی ریہرسل قرار دیتا ہے۔
جنوبی کوریا میں 28,500 امریکی فوجی مستقل طور پر تعینات ہیں۔