ٹوکیو: جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے کہا کہ بدھ کو ٹوکیو کے جنوب میں ایک آتش فشانی جزیرہ درجن بھر سے زیادہ زلزلوں کا نشانہ بنا، جن میں سے ایک 6.2 شدت کا تھا۔
ایجنسی نے کہا، کسی بھی زلزلے کی وجہ سے زخمی ہونے یا املاک کو نقصان پہنچنے کی کوئی فوری اطلاع نہیں ملی اور سونامی کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔
ایجنسی نے کہا سب سے بڑا جھٹکا شام 5َ57 کے قریب ریکارڈ کیا گیا، جس کا مرکز ٹوکیو سے کوئی 180 کلومیٹر دور میاکے جزیرے کے قریب تھا۔
ایجنسی نے کہا، “جاپان کی ساحلی پٹی کے ساتھ سمندر کی سطح میں ہلکی پھلکی تبدیلیاں ہو سکتی ہیں، تاہم اس زلزلے سے نقصان کا کوئی احتمال نہیں”۔
بدھ صبح 10:15 بجے سے جزیرے –جو فعال آتش فشاں ہے–کے نزدیک 13 چھوٹے درجے کے زلزلے آ چکے تھے۔
ایجنسی نے کہا، 6.2 شدت کے زلزلے کے چار منٹ بعد ایک چھوٹا زلزلہ بھی ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اس جزیرے کا آتش فشاں 2000 میں پھٹا تھا، جس سے تمام تر 3800 جزیرہ باسیوں کو انخلاء پر مجبور ہونا پڑا۔