ٹوکیو: ٹوکیو کے گورنر ناؤکی اینوسے کا کہنا ہے کہ میٹروپولیٹن حکومت روپونگی اور شیبویا کے درمیان رواں برس کسی وقت آزمائشی بنیادوں پر ایک 24 گھنٹے چلنے والی بس سروس متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
ٹی وی آساہی کے مطابق، اینوسے نے ان خیالات کا اظہار نیو یارک کے ایک دورے کے دوران کیا جہاں وہ سب وے سسٹم کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اینوسے 15 اپریل کو شہر کی پبلک ٹرانسپورٹیشن سہولیات کا جائزہ لے رہے تھے جب ٹوکیو اسٹیشن کو نیو یارک کے گرینڈ سنٹرل اسٹیشن کا جڑواں بنایا گیا تھا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایک دن شاید ٹوکیو میں بھی 24 گھنٹے کا سب وے سسٹم ہو، تاہم تسلیم کیا کہ یہ بہت جلد نہیں ہو سکے گا۔
ان سے منسوب بیان کے مطابق، “ٹوکیو میں جو کچھ ہم نہیں حاصل کر سکے وہ 24 گھنٹے چلنے والا سب وے سسٹم ہے، تاہم یہ ممکن لگتا ہے”۔ “سب وے سسٹم اکثر بسوں کے ساتھ مربوط انداز میں چلتے ہیں، چناچہ میں 24 گھنٹے کی بس سروس متعارف کروانے کے طریقوں بارے سوچ رہا تھا اور میں نے اس دورے میں بہت کچھ سیکھا ہے۔”