ویانا: عالمی پریس انسٹیٹیوٹ نے اعلان کیا ہے کہ جاپانی صحافی میکا یامامتو، جو پچھلے برس شام میں ماری گئی تھی، کو 2013 کا عالمی پریس ہیرو کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔
45 سالہ یاماموتو یہ ایوارڈ وصول کرنے والی 63 ویں صحافی تھی جو ایسے صحافیوں کو دیا جاتا ہے جو بہادری دکھاتے ہیں اور پریس کی آزادی کی لڑائی میں حصہ ڈالتے ہیں۔ وہ پچھلے برس شام میں خانہ جنگی کی کوریج کرتے ہوئے مرنے والے 39 صحافیوں میں سے ایک تھی۔
یاماموتو، جو جاپان پریس کے لیے کام کرتی تھی، اس وقت ماری گئی جب وہ حلب میں بظاہر حکومت نواز فوجیوں کی فائرنگ کی زد میں آ گئی۔ وہ جاپانی ٹیلی وژن کا ایک جانا پہچانا چہرہ تھی، جو 2003 میں بغداد میں فلسطین ہوٹل پر امریکی ٹینکوں کی بمباری میں بچنے کے بعد نظروں میں آئی، جس میں رائٹرز اور اسپینی نشریاتی ادارے سے تعلق رکھنے والے دو صحافی ہلاک ہو گئے تھے۔