ٹوکیو: پولیس نے منگل کو کہا کہ ایک 7 سالہ بچی اس وقت شدید زخمی ہو گئی جب ہینڈ بال کا گول اس پر گر پڑا۔
ٹی بی ایس کے مطابق، یہ واقعہ شِنجوکو کے اُشیگومے ڈائنی جونئیر ہائی اسکول کے کھیل کے میدانوں میں پیر کو سہ پہر 2:30 کے قریب رونما ہوا۔
پولیس کے مطابق، لڑکی مقامی کم سن فٹ بال ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے اسکول آئی تھی جو ایک میچ کھیل رہے تھے۔ جب کھیل جاری تھا تو اس لڑکی نے ہینڈ بال کے گولوں پر کھیلنا شروع کر دیا۔ ٹی بی ایس کے مطابق، خیال ہے کہ فٹ بال کوچ اور ایک اور بچہ اس واقعے کے وقت اس کے ہمراہ تھے۔
گول دو میٹر اونچا، تین میٹر چوڑا اور 160 کلوگرام کے قریب وزنی تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کی کھوپڑی تڑخ گئی اور حادثے کے بعد ابھی اسے ہوش نہیں آیا۔ پولیس نے کہا حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔