سئیول: بیشتر جنوبی کوریائی اخبارات نے جاپانی وزیرِ اعظم شینزو ایبے کی ایک تصویر پہلے صفحے پر شائع کی جس میں وہ فوجی تربیتی جہاز میں بیٹھے ہیں، اور کہا کہ یہ جاپان کی نوآبادیاتی خباثتوں کی یاددہانی ہے۔
مذکورہ تصویر میں ایبے انگوٹھا اوپر کیے چہرے پر مسکراہٹ لیے ہوئے فضائیہ کے ٹی فور تربیتی جیٹ میں بیٹھے ہیں جس پر نمبر 731 چمک رہا ہے۔
اس نمبر نے یونٹ 731 کی یادیں تازہ کر دیں — ایک خفیہ جاپانی حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیاروں کا مرکز جس نے 1937 تا 45 چین جاپان جنگ اور دوسری جنگِ عظیم میں انسانوں پر مہلک تجربات کیے تھے۔
یہ یونٹ شمال مشرقی چین کے شہر ہاربن میں واقع تھا، اور اس نے چین، جنوبی کوریا اور سوویت یونین سے قیدی اپنے قبضے میں کیے ہوئے تھے۔
سئیول میں پریس نے کہا کہ ایبے کی تصویر چین اور جنوبی کوریا جیسے ممالک کے لیے ایک جانی بوجھی گستاخی تھی جو جاپانی قبضے اور نوآبادیاتی حکومت سے متاثر ہوئے تھے۔
جاپانی وزارتِ دفاع نے کہا کہ تربیتی جہاز کا نمبر صرف اتفاقیہ تھا۔