ٹوکیو: ماہرین پر مشتمل ایک حکومتی پینل نے جمعرات کو سفارش کی کہ ٹوکیو الیکٹرک پاور کو (ٹیپکو) تباہ حال فوکوشیما ڈائچی ایٹمی بجلی گھر کے اردگرد مٹی کو منجمد کرنے پر غور کرے تاکہ پلانٹ کے اندر پانی بہنے کی وجہ سے پیدا ہونے والے زیرِ زمین تابکار پانی کی مقدار میں کمی آئے۔
پینل کے منصوبے کے مطابق، زمین میں پائپ بچھائے جائیں گے اور انہیں منفی 40 درجے سیلسیئس کے درجہ حرارت پر سرد کار سے بھرا جائے گا۔ یہ بھی کہا گیا کہ اس کے اطلاق میں کئی برس لگ سکتے ہیں۔
اس وقت ری ایکٹروں کی عمارات میں روزانہ کی بنیادوں پر 400 ٹن پانی رِس رِس کر داخل ہو رہا ہے۔
دریں اثناء، فُوجی ٹی وی نے اطلاع دی کہ ٹیکپو کے اہلکاروں نے جمعرات کو مقامی ماہی گیروں تنظیموں سے ملاقات کی تاکہ پانی کا رخ سمندر کی جانب کرنے کے اپنے منصوبے کی وضاحت کر سکیں۔
ٹیپکو کے منصوبے میں 12 جگہوں پر کنوؤں کی کھدائی شامل ہے اور پانی کو پلانٹ کے اندر رِسنے سے قبل ہی زمین پر پمپ کر دیا جائے گا۔