ٹوکیو: آفات و آتش زنی سے نمٹنے کی ایجنسی نے منگل کو کہا کہ 10 تا 16 جون کے ہفتے کے دوران پورے ملک میں 1488 افراد کو لُو لگنے سے ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔ فُوجی ٹی وی کے مطابق، ایجنسی نے مزید کہا کہ لُو لگنے سے چار اموات کا تعلق بھی جوڑا گیا۔
ایجنسی نے کہا کہ ہسپتال میں داخل کروائے گئے افراد کی تعداد پچھلے ہفتے سے 1000 زیادہ ہے، جو زیادہ تر مغربی جاپان میں بڑھتے ہوئے درجہ ہائے حرارت کی وجہ سے ہوا۔
اوساکا میں سب سے زیادہ تعداد یعنی 194 افراد کو ہسپتال میں داخل کروایا گیا، جس کے بعد آئچی اور ہیوگو کے صوبوں میں سے ہر ایک میں 120 افراد ہسپتال داخل ہوئے۔ مجموعی طور پر ہسپتال داخل کروائے گئے افراد میں سے 47.1 فیصد 65 برس یا زیادہ عمر کے تھے۔
ایجنسی لوگوں کو مشورہ دے رہی ہے کہ گھروں پر ایئر کنڈیشنر استعمال کریں اور زیادہ مقدار میں پانی پئیں۔ اس نے فارموں پر رہنے والے بوڑھے افراد کو بھی نصیحت کی ہے کہ دن کے گرم ترین اوقات میں کھیتوں میں کام کرنے سے اجتناب کریں۔ مزید برآں، ایجنسی نے اسکولوں سے کہا کہ کھیلوں کی تقریبات کے دوران طلباء کی صحت کی بغور نگرانی کریں۔