امریکہ جاپان، جنوبی کوریا میں تعلقات کی بہتری کے لیے ملاقات کا خواہاں

واشنگٹن: امریکہ جاپان اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات کا اہتمام کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ دو امریکی اتحادیوں کے مابین نزاع کے بعد تعلقات میں بہتری لائی جا سکے؛ یہ بات ایک اہلکار نے جمعے کو بتائی۔

ایک امریکی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا، یہ ملاقات، جو موجودہ جاپانی اور جنوبی کوریائی وزرائے خارجہ کے مابین پہلی ملاقات ہو گی، برونائی میں 1 تا 2 جولائی منعقدہ علاقائی کانفرنس کے دوران وزیرِ خارجہ جان کیری کے ہمراہ کی جائے گی۔

اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جنوبی کوریا اور جاپان کے مابین پیغام رساں کا کردار ادا کرنے کا خواہشمند نہیں، تاہم مشترکہ دلچسپی والے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر سہ فریقی ملاقات کی امید کر رہا ہے۔

جنوبی کوریائی وزیرِ خارجہ یون بیونگ سے نے اپریل میں ٹوکیو کا دورہ منسوخ کر دیا تھا جب دو جاپانی وزرائے کابینہ نے یاسوکونی مزار پر حاضری دی، جو جنگ میں مرنے والے 2.5 ملین جاپانیوں کی یاد میں قائم کیا گیا ہے جن میں جنگی مجرم بھی شامل ہیں۔

امریکہ، جاپان اور جنوبی کوریا کے سینئر اہلکار شمالی کوریا کے معاملے پر بات چیت کے لیے بدھ کو واشنگٹن میں ملے تھے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.