ٹوکیو: اوساکا کے مئیر تورو ہاشیموتو اور ٹوکیو کے سابق گورنر شینتارو اشی ہارا نے فیصلہ کیا ہے کہ نیپون اِشِن نو کائی (جاپان ریسٹوریشن پارٹی) کے شریک سربراہوں کے طور پر عہدے برقرار رکھیں، باوجودیکہ اتوار کو اسے ٹوکیو میٹروپولیٹن اسمبلی کے انتخاب میں بھاری شکست ہوئی ہے۔
ہاشیموتو نے پچھلے ہفتے عندیہ دیا تھا کہ اگر پارٹی نے الیکشن میں بری کارکردگی دکھائی تو وہ بطور شریک سربراہ عہدہ چھوڑ دیں گے۔ جاپان ریسٹوریشن پارٹی نے صرف دو نشستیں جیتیں، جن کے بارے ہاشیموتو نے تسلیم کیا کہ یہ جاپان کے زمانہ جنگ کے چکلوں پر ان کے تبصروں پر اٹھنے والے طوفان کی وجہ سے ہوا۔ “میں ٹوکیو کے انتخابات میں نتائج کی ذمہ داری لیتا ہوں، تاہم میں عوام سے کہہ رہا ہوں کہ ایوانِ بالا کے انتخابات میں ہمیں مینڈیٹ دے۔”
اتوار کے الیکشن کے بعد والے دن ہاشیموتو زیادہ تر منظر نامے سے غائب رہے تھے۔
دریں اثناء 80 سالہ اشی ہارا نے اپنے مہم نہ چلانے پر معافی مانگی۔