ٹوکیو: جاپان اور یورپی یونین نے ٹوکیو میں آزاد تجارتی مذاکرات کا دوسرا دور شروع کیا۔ یورپی یونین نے قبل ازیں ایک بیان میں کہا تھا کہ ان مذاکرات کا مقصد “مال، خدمات اور سرمایہ کاری پر جامع معاہدہ ہے تاکہ ٹیرف، نان ٹیرف بیرئیر ہٹائے جائیں اور تجارت سے متعلق دوسرے معاملات جیسے عوامی فراہمی، ریگولیٹری معاملات، مسابقت پذیری، اور مستحکم ترقی کو کور کیا جائے”۔
جاپان اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ دونوں کی لڑکھڑاتی معیشتوں کو سہارا دے گا۔ یورپی یونین کے بیان میں کہا گیا، یہ یورپ کی اقتصادی پیداوار میں 0.6 تا 0.8 فیصد اضافہ کر سکتا ہے جس سے یورپی یونین کی جاپان کو برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ہو گا۔
دونوں اطراف نے جلد کسی معاہدے کی توقع کے خلاف محتاط رہنے کا اشارہ دیا ہے، اور زور دیا ہے کہ انہیں انتہائی تکنیکی معاملات سلجھانے ہیں اور کچھ انتہائی مضبوط اندرونی مفادات کی رنجشیں دور کرنی ہیں۔