ٹوکیو: جاپان کے بینک 2008 کے قرضہ بحران سے زیادہ تر اس وجہ سے بچنے میں کامیاب رہے چونکہ سینئر ملازمین اتنی اچھی انگریزی نہیں بولتے تھے کہ مصیبت میں پھنس جاتے؛ یہ بات وزیرِ خزانہ تارو آسو نے کہی ہے۔
آسو، جو ڈپٹی وزیرِ اعظم کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیتے ہیں، نے کہا جاپان میں بینکار پیچیدہ مالیاتی آلات (مصنوعات وغیرہ) کو سمجھنے کے قابل نہیں تھے جو بڑے عالمی کھلاڑیوں کی تباہی کا سبب تھے، چناچہ انہوں نے وہ نہ خریدے۔
“ایک امریکی نے کہا کہ جاپانی بینک صحت مند ہیں، لیکن یہ بالکل بھی درست نہیں۔ جاپانی بینکوں کے مینجر بمشکل ہی انگریزی سمجھ پاتے تھے، اس لیے انہوں نے خریداری ہی نہ کی،” انہوں نے کہا۔
آسو کے تبصرے ان اعلانات کی قطار میں تازہ ترین اضافہ ہیں جو سننے والوں کے ماتھوں پر شکن ڈال دیتے ہیں۔
کبھی وزیرِ اعظم رہنے والے آسو نے جنوری میں کہا تھا کہ بوڑھوں کو آخری عمر میں مہنگی طبی نگہداشت کا خرچہ حکومت پر ڈالنے کی بجائے “جلدی کرنے اور مرنے” کی اجازت ہونی چاہیئے۔