نیو یارک (اے ایف پی): وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، امریکی نگران اداروں نے جاپانی فرم سافٹ بینک کی جانب سے امریکی موبائل کیرئیر اسپرنٹ نیکسٹل کا قبضہ لینے کے عمل کو حتمی منظوری دے دی ہے۔
اخبار نے معاہدے سے آگاہ ذرائع کے حوالے سے بتایا، 21.6 ارب ڈالر کا یہ معاہدہ سافٹ بینک کو امریکی کیرئیر کمپنی کا 78 فیصد کا حصے دار بنا دیتا ہے اور اس کا مطلب ہے کمپنی کے لیے اربوں ڈالر کے سرمائے کا ٹیکہ۔
یہ معاہدہ رواں ماہ کے اوائل میں ہو جانے کی توقع تھی تاہم اسے فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی)، جو ٹیلی کام کے متعلق امریکی نگران ادارہ ہے، کی حتمی منظوری درکار تھی۔ اخبار نے کہا، کمیشن نے متفقہ طور پر اس معاہدے کے حق میں ووٹ دیا۔
جمعرات کی سہ پہر تک کے لین دین میں سافٹ بینک کے ٹوکیو میں مندرج حصص 0.86 فیصد کی کمی سے 5,750 ین پر تھے۔
اس معاہدے کو سب سے بڑا چیلنج ڈش نیٹ ورک کی جانب سے دیکھنا پڑا، جس نے اسپرنٹ اور کلیئر وائر (اسپرنٹ کی ذیلی کمپنی) کے لیے بولیاں دی تھیں، تاہم اسے اپنی پیشکش واپس لینے پر مجبور ہو جانا پڑا۔