ٹوکیو: پیر کو انتخابات سے قبل حتمی رائے شماریوں سے پتا چلا کہ وزیرِ اعظم شینزو ایبے کا حکمران بلاک اتوار کو ایوانِ بالا کے انتخابات میں بڑی فتح کے راستے پر گامزن ہے، ایک ایسی فتح جو اغلباً چھ برسوں کے پارلیمانی ڈیڈ لاک کو ختم کر دے گی۔
رائے شماریوں سے ظاہر ہوا کہ ایبے کی قدامت پسند لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) دوسری جماعتوں کو پیچھے چھوڑ رہی ہے، جسے انتہائی نرم زری پالیسی، سرکاری اخراجات اور ساختی اصلاحات سے وابستہ امیدیں سہارا دئیے ہوئے ہیں کہ یہ شرح نمو میں اضافہ کریں گے اور جاپان کو برسوں کی کساد بازاری سے نکالیں گے۔
ہفتے اور اتوار کو روزناموں آساہی اور مانیچی میں شائع شدہ ووٹروں کی ترجیحات معلوم کرنے والی رائے شماریوں سے پتا چلا کہ 37 تا 43 فیصد ووٹر ایل ڈی پی کو ووٹ دینا چاہتے تھے۔ ایسی حمایت کا مطلب ہے کہ اتحادی جماعت نیو کومیتو کے ساتھ ایل ڈی پی اغلباً ایوانِ بالا میں اکثریت جیت لے گی۔
پیر کی رائے شماریوں سے واضح ہوا کہ 8 فیصد جواب دہندگان نیو کومیتو کو ووٹ دینا چاہتے تھے، جو مرکزی اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان (ڈی پی جے) کے 7 فیصد سے زیادہ ہے۔