ٹوکیو: توشیبا کارپوریشن کا کہنا ہے کہ وہ اسمارٹ فونز اور دوسرے ڈیجیٹل آلات میں استعمال ہونے والے نینڈ فلیش میموری چپس کی تیاری کے لیے نئے آلات پر 20 سے 30 ارب ین کی سرمایہ کاری پر غور کر رہا ہے، جیسا کہ ان کی طلب میں دوگنا چوگنا اضافہ ہو رہا ہے۔
جاپان کے سب سے بڑے چپ ساز توشیبا نے کہا یہ اقدام جدید ترین ٹیکنالوجی کی حامل چپس کی جانب اس کی حرکت کا حصہ ہو گا جن کے سرکٹ 19 نینو میٹر (ایک میٹر کا اربواں حصہ) تک ہوں گے اور وہ ان کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرے گا، اگرچہ اس نے ٹھیک ٹھیک تعداد بتانے سے انکار کیا۔
اگر سرمایہ کاری کے منصوبے کو حتمی منظوری مل جاتی ہے، تو نئے مراکز 2014 کے وسط سے کام شروع کر دیں گے۔
یہ سرمایہ کاری اس ماہ کے اوائل میں اعلان شدہ 30 ارب ین کی سرمایہ کاری کے علاوہ ہو گی جو اس کی موجودہ نینڈ فیکٹریوں میں سے ایک کی عمارت میں توسیع پر خرچ کی جائے گی۔
توشیبا نینڈ فلیش میموری (کارڈز وغیرہ) کی پیداوار میں سام سنگ الیکٹرونکس کا حریف ہے، جس نے جمعرات کو نینڈ چپس کے استعمال والی ایک نئی اسٹوریج ٹیکنالوجی کا اجراء کیا جو کمپیوٹر ہارڈ ڈسکوں کی جگہ لے لے گی۔ (نینڈ چپس کی عام مثالیں فلیش میموری کارڈ، فلیش یو ایس بی ڈرائیور وغیرہ ہیں۔)