ٹوکیو؛ وزارتِ صحت، محنت اور بہبود کا کہنا ہے کہ پچھلے برس کے دوران پھر سے مسلسل 22 ویں سال بچوں سے برے سلوک کے واقعات میں اضافہ ہوا۔
ٹی بی ایس نے جمعہ کو خبر دی کہ وزارت کی جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق، بچوں کے مشاورتی مراکز کی مداخلت چاہنے والے بدسلوکی کے رپورٹ شدہ واقعات کی تعداد 66,807 رہی، جو مالی سال 2011 کے مقابلے میں 11.5 فیصد اضافہ ہے۔ وزارت نے اضافہ کیا کہ 1990 میں ریکارڈ کا آغاز ہونے کے بعد سے یہ سب سے زیادہ تعداد تھی۔
وزارت نے کہا اس کے خیال میں اس اضافے کی وجوہات بچوں کی بہبود کے معاملات پر آگاہی بڑھانے کی مسلسل کوششیں اور عوام کو مشتبہ بدسلوکی کے واقعات کی اطلاع دینے کی حوصلہ افزائی ہیں۔
ٹی بی ایس نے خبر دی، وزارت نے مزید کہا کہ اپریل 2012 میں متعارف کروائے گئے اس کے نئے نظام، جس میں والدین کا اختیار معطل کیا جا سکتا ہے، کے نتیجے میں فیملی عدالتوں کے سامنے لائے گئے 27 مقدمات میں سے ابھی تک 15 معطلیاں کی جا چکی ہیں۔
وزارتی رپورٹ کے مطابق، صوبے کے اعتبار سے اوساکا 9,875 کیسوں کے ساتھ پہلے نمبر پر تھا، جس کے بعد کاناگاوا 8,324 کے ساتھ دوسرے اور سائیتاما 4,853 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔