ایبے کا چین سے تنازعات میں فلپائن کی مدد کا عہد

منیلا: وزیرِ اعظم شینزو ایبے نے ہفتے کو فلپائن کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کا عہد کیا، اور علاقائی حریف چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے سرحدی تنازعات کے دوران پڑوسیوں کو ٹوکیو کے ارادوں کی یقین دہانی کرائی۔

ایبے نے فلپائن کے صدر بینیگنو اکینو سے منیلا میں ملاقات کے بعد ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کو بتایا، “فلپائن جاپان کے لیے ایک تزویراتی شراکت دار ہے جس کے ساتھ ہم بنیادی اقدار اور بہت سے تزویراتی دلچسپیوں کا اشتراک رکھتے ہیں”۔

کم وسائل یافتہ فلپائنی کوسٹ گارڈ اور بحریہ چین کی بحریہ اور بحری نگرانی کے جہازوں کے ساتھ پرتناؤ تنازعات میں سب سے آگے رہے ہیں، جو جنوبی بحر چین کے بیشتر حصے پر دعویٰ کرتا ہے جس میں فلپائنی سرحد کے قریبی علاقے بھی شامل ہیں۔

چین نے پچھلے برس سکاربورو شاؤل، جو فلپائن کے مرکزی جزیرے لوزون سے صرف 230 کلومیٹر دوری پر واقع ایک چٹانی جزیرہ ہے، پر قبضہ کر لیا تھا جب منیلا ایک طویل تنازع کے بعد پیچھے ہٹ گیا۔

ایبے کا دورہ ایسے وقت ہوا ہے جب مشرقی بحر چین میں جاپان کے زیرِ انتظام جزائر پر چین اور جاپان میں بھی کشیدگی میں دھیرے دھیرے اضافہ ہوا ہے۔

آپ کومنٹ میں اپنی رائے دے سکتے ہیں ۔

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.