سئیول: جنوبی کوریا نے جمعہ کو جاپان سے سرکاری طور پر احتجاج کیا جب ٹوکیو نے ایک متنازع رائے شماری منعقد کروائی تھی جس میں شہریوں سے دونوں ممالک کے مابین متنازع جزائر کے ایک سلسلے پر رائے لی گئی۔
3000 افراد سے کیے گئے اس عوامی سروے، جو منگل کو جاری کیا گیا، نے ظاہر کیا کہ 10 میں سے چھ جاپانی بحر جاپان (مشرقی سمندر) میں سئیول کے زیرِ کنٹرول جزائر کو اپنا علاقہ سمجھتے ہیں۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا، “ہماری حکومت جاپان کے تازہ اشتعال انگیز اقدامات پر شدید احتجاج کرتی ہے”۔
اس نے کہا، “ہم جاپان سے پر زور انداز میں کہتے ہیں کہ ایسے افعال فوری طور پر روک دے،” اور اضافہ کیا کہ کچھ جاپانی لیڈروں کی جانب سے اشتعال انگیز کلمات دو طرفہ تعلقات کی تعمیری پیش رفت کے لیے “سنجیدہ رکاوٹ” بن رہے ہیں۔
بہت سے جنوبی کوریائیوں کا خیال ہے کہ جاپان 1910 تا 1945 کے نوآبادیاتی دور کی بدسلوکیوں کا مداوا کرنے میں ناکام رہا ہے جو کشیدگی کا ایک مسلسل ذریعہ بنا ہوا ہے۔