ٹوکیو: پچھلی سہ ماہی میں جاپان کی معیشت توقعات سے سست شرح 2.6 فیصد کے حساب سے بڑھی جیسا کہ کارپوریٹ سرمایہ کاری سکڑ گئی، جس سے ظاہر ہوا کہ انتہائی نرم زری پالیسی اور حکومت کے بڑھے ہوئے اخراجات کے باوجود مستحکم بحالی پر اعتماد میں غیر یقینی کا عنصر برقرار تھا۔
کیبنٹ آفس کے پیر کو جاری کردہ ابتدائی جائزے کے مطابق، سہ ماہی تا سہ ماہی دیکھیں تو دنیا کی تیسری بڑی معیشت پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں 0.6 فیصد بڑھی۔
تجزیہ نگاروں نے اس سہ ماہی کے لیے 3 فیصد یا زیادہ شرح نمو کی پیشن گوئی کی تھی۔
ٹوکیو میں جے پی مورگن کے ایک ماہرِ معاشیات ماسامیچی داچی نے کہا اپریل تا جون کی سہ ماہی میں حکومتی اخراجات طے شدہ تیز رفتاری سے نہیں بڑھے چنانچہ آنے والے مہینوں میں پائپ لائن میں موجود منصوبوں کے لیے اضافی روپیہ متوقع طور پر نمو میں اضافہ کرے گا۔
ڈیٹا سے ظاہر ہوا کہ پچھلی سہ ماہی میں شرح نمو کے لیے سب سے زیادہ تعاون حکومتی اخراجات اور برآمدات کی جانب سے آیا، جبکہ نجی سرمایہ کاری کمزور ہوئی۔ رہائشی سرمایہ کاری بھی کمزور ہوئی، اگرچہ مکانات کی تعمیر میں بحالی کے آثار نظر آ رہے تھے۔