واشنگٹن: ایک اعلی امریکی تجارتی اہلکار نے جمعے کو کہا کہ جاپان کو ابھی بہت فاصلہ طے کرنا ہے جب ہم کہہ سکیں اس کی منڈیاں کھلی ہیں۔
تجارتی نمائندے مائیکل فورمین نے کہا انہیں امید ہے کہ جاپان کی ٹرانس پیسفک پارٹنرشپ (ٹی پی پی) آزاد تجارتی مذاکرات میں حالیہ شمولیت ان رکاوٹوں کو ختم کرنے کے مواقع مہیا کرے گی۔
انہوں نے کہا، “اس وقت جاپان کی کاروں کی منڈی میں مجموعی غیر ملکی نفوذ 6 فیصد کے قریب ہے اور میرے خیال میں ہر کوئی سوچتا ہے کہ ابھی ایک لمبا راستہ طے کرنا باقی ہے جب ہم کہہ سکیں گے کہ جاپانی منڈیاں اب کھلی ہیں”۔
جاپان نے امریکہ اور 10 دیگر ایشیا پیسفک ممالک کے ہمراہ ایک نیا بڑا تجارتی بلاک قائم کرنے کے لیے مذاکرات میں پچھلے ماہ باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کی تھی، جب مذاکرات کا 18 واں دور منعقد ہوا۔ جاپان کے اضافے کے ساتھ 12 ممالک عالمی تجارتی حجم کا کوئی 40 فیصد حصہ بنائیں گے۔
ترقی یافتہ دنیا میں جاپان کی کاروں کی منڈی سب سے زیادہ پابند ہے۔