ٹوکیو: اہلکاروں کے مطابق، چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز جمعے کو متنازع جزائر میں آ گئے جو ٹوکیو کے ساتھ تلخ جھگڑے کی مرکزی وجہ ہیں، جیسا کہ ایک دن قبل ہی چین نے جاپانی قانون سازوں کے متنازع جنگی مزار کے دورے پر شدید نکتہ چینی کی تھی۔
کیودو نیوز ایجنسی کے مطابق، اس خلاف ورزی کے بعد جاپانی وزارتِ خارجہ کے ایشیا اور اوشیانا معاملات سے متعلق بیورو کے سربراہ جونیچی ایہارا نے ٹوکیو میں چینی سفارتخانے کے سینئر سفارتکار سے احتجاج کیا۔
کیودو نے کہا جمعے کو قبل ازیں سات جہاز پانیوں سے ذرا سا باہر دیکھے گئے تھے، جس کے بعد چار چینی کوسٹ گارڈ جہاز متنازع پانیوں میں داخل ہو گئے۔
پچھلے ہفتے جاپانی وزارتِ خارجہ نے چینی سفیر کو طلب کیا تھا جب چینی جہازوں نے ایک دن سے زیادہ عرصہ متنازعہ پانیوں میں گزارا، جو پچھلے برس ٹوکیو کی جانب سے لڑی کے کچھ جزائر قومیانے کے بعد سے سلگتے ہوئے تنازع میں ان کی سب سے طویل سرحدی خلاف ورزی بن گئی۔